لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشین ایئر لائنز کی فلائٹ 370 کی پراسرار گمشدگی تاریخ میں پہلا ایسا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی ہوائی جہازوں کے ساتھ کئی ایسے واقعات ہوچکے ہیں جن کے بارے میں آج بھی جوابات سے زیادہ سوالات موجود ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درست سمت کا تعین ہو بھی جائے تب بھی ملائیشین ایئر لائن طیارے کا معمہ سلجھاتے سلجھاتے کئی برس لگ سکتے ہیں۔ اب تک معلوم حقائق کے مطابق پرواز بھرنے کے بعد طیارے نے کوئی ایمرجنسی سگنل نہیں بھیجا اور نہ ہی پرواز کے حوالے سے کوئی اور غیر معمولی بات ریکارڈ پر ہے۔ اگرتاریخ پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ 2009ءمیں ایئر فرانس کی فلائٹ 447 برازیل سے فرانس جاتے ہوئے اٹلانٹک سمندر کے اوپر غائب ہوگئی تھی۔ طیارے میں 228 افراد سوار تھے اور پانچ روز بعد جہاز کی دم کا کچھ حصہ سمندر سے برآمد ہوا۔ جہاز کا ملبہ ڈھونڈنے میں دو سال لگے اور مزید ایک سال یہ پتہ لگانے میں کہ جہاز کی فضائی رفتار کنٹرول کرنے والے آلات برف پھنسنے کے باعث جام ہوگئے تھے۔
اسی طرح 1996ءمیں نیویارک سے یورپ جانیوالی پرواز اڑان بھرتے ہی تباہی کا شکار ہو گئی اس واقعہ میں قریباً 230 افراد جاں بحق ہوئے۔ چار سال کی تحقیقات کے بعد کہا گیا کہ دھماکہ تیل کی ٹینکی پھٹنے سے ہوا۔ تاہم بہت سے لوگ اس بات پر اب بھی یقین نہیں کرتے اور اس جہاز کے ساتھ کیا ہوا، اس بارے میں کافی ساری سازشی تھیوریز موجود ہیں۔
سال 1999 ءمیں مصری ایئر لائن کی فلائٹ 990 نیویارک سے قاہرہ کے لئے پرواز کرتے ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس کے بارے میں نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کا کہنا کہ جہاز کے عملے میں سے ہی ایک فرد نے زبردستی کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں یہ حادثہ ہوا تاہم مصری حکومت نے اس موقف کو قبول نہیں کیا اور حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی کو قرار دیا۔ 1972ءمیں ایک دو انجن والا سیسنا طیارہ الاسکا جاتے ہوئے گم ہوگیا 39 روز تک تلاش جاری رہنے کے باوجود آج تک نہیں مل سکا۔
1962ءمیں ایک لاک ہیڈ طیارہ جو کہ 100امریکی فوجیوں کو لے کر کیلیفورنیا سے فلپائن جارہا تھا، دوران پرواز غائب ہوگیا۔ اس طیارے کا ملبہ آج تک نہیں مل سکا اور اس بارے میں بھی طرح طرح کے اندازے آج تک لگائے جاتے ہیں۔ کوئی اسے ہائی جیکنگ کا واقعہ قرار دیتا ہے تو کسی کا خیال ہے جہاز خود ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔
اسی طرح 1937ءمیں جہاز پر دنیا کا چکر کاٹنے والے دو افراد ایمیلیا ایئرہارٹ اور فریڈ نونان بھی طیارے سمیت غائب ہوگئے اور آج تک ملبہ بھی نہیں مل سکا۔ اس بارے میں لوگوں کا خیال ہے کہ ان کے جہاز میں دوران پرواز تیل ختم ہوگیا
جبکہ ایسے لوگ بھی ہیں جو سمجھتے ہیں کہ یہ جاپانی بحریہ کا نشانہ بن گئے۔
0 comments:
Post a Comment