Home » , , » ایک فون نمبر بیس لاکھ ڈالر میں نیلام

ایک فون نمبر بیس لاکھ ڈالر میں نیلام


ابو ظہبی میں منعقد ہونے والی ایک خیراتی نیلامی میں ایک ٹیلفون نمبر بیس لاکھ ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ قیمت پر فروخت ہوا ہے۔


ابو ظہبی کے اخبار ’دی نیشنل‘ کے مطابق مشرق وسطیٰ کی مشہور ٹیلیفون کمپنی ’اتصالات‘ کا ٹیلیفون نمبر 7777-777 اور اس کے ساتھ منسلک بمپر پیکج کی بولی 7,877,777 درہم ( اکیس لاکھ ڈالر ) پر ختم ہوئی ہے۔


لیکن کہا جا رہا ہے کہ یہ بات اتنی سیدھی بھی نہیں بلکہ اصل بات یہ ہے کہ اتنی بھاری قیمت ادا کرنے کے باوجود خریدار یہ دعویٰ نہیں کر سکتا ہے کہ یہ مخصوص ٹیلفون نمبر اس کا ہوگیا ہے کیونکہ اگر قانونی سے لحاظ سے دیکھا جائے تو ہر ٹیلیفون نمبر دراصل حکومت کی ملکیت ہوتا ہے۔ دوسرے الفاظ میں اتنی بڑی رقم ادا کرنے کے بعد بھی بولی جیتنے والا گمنام خریدار اپنے فون نمبر پر ایک عام صارف سے زیادہ حق ملکیت نہیں رکھتا ہے۔


اس وی آئی پی نمبر کا خریدار اب کمپنی کے ’ڈائمنڈ پلس‘ پیکج کا حقدار ہوگیا ہے جس کے تحت اسے ہر ماہ 22,500 منٹ، 22,500 ٹیکسٹ میسج اور 100 جی بی کا ڈیٹا ملے گا، یعنی وہ روزانہ بارہ گھنٹے تک ٹیلیفون پر بات کر سکے گا اور 725 ٹیکسٹ میسج بھیج سکے گا۔ ’اتصالات‘ کی ویب سائٹ کے مطابق اگر آپ کمپنی کے کسی وی آئی پی نمبر کے خریدار بننا چاہتے ہیں تو آپ یہ سہولت محض دو سو تیس ڈالر ماہانہ میں خرید سکتے ہیں۔


اس نیلامی میں کچھ دوسرے وی آئی پی یا آسانی سے یاد رکھے جانے والے نمبر بھی فروخت ہوئے۔ 7770-777 کا نمبر تین لاکھ چالیس ہزار ڈالر میں فروخت ہوا، یعنی صرف ایک صفر کے فرق سے قیمت میں سترہ لاکھ ڈالر کا فرق دیکھنے میں آیا۔ اگرچہ کپمنی نے نیلامی سے چند دن پہلےخبردار کیا تھا کہ وہ کسی بھی وی آئی پی نمبر کو کسی بھی وقت تبدیل یا بند کرنے کا حق رکھتی ہے، لیکن اس کے باوجود خیراتی نیلامی میں خریداروں نے دل کھول کر بولیاں لگائیں اور بڑی رقمیں ادا کر کے اپنی پسند کے نمبر خریدے۔


0 comments:

Post a Comment